ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل، بروقت تشخیص اور علاج سے بچاؤ ممکن ہے: مریم نواز

Published On 28 July,2025 09:57 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے جو آہستہ آہستہ جگر کو متاثر کرتا ہے اور بروقت تشخیص و علاج نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب ہیپاٹائٹس کی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کی مفت سہولیات فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن وہیلز پروگرام کے ذریعے عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو مفت ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ علاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے جس کا مقصد بیماری سے مکمل بچاؤ اور بروقت علاج کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ ضرور کروائیں، ویکسین لگوائیں اور اس پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں، صحت مند پنجاب ہی ترقی یافتہ پنجاب ہے اور احتیاط و علاج کے ذریعے ہیپاٹائٹس جیسے مہلک مرض سے مکمل طور پر بچا جا سکتا ہے۔