تہران: (دنیا نیوز) ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی، افغانستان، بحرین اور کویت میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے سائے، ایران میں مزید چار افراد کرونا کی وجہ سے دم توڑ گئے۔ ایران میں مہلک وبا سے مرنے والوں کی تعداد بارہ تک جا پہنچی جبکہ کرونا کے شکار 47 افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ تہران سمیت مختلف شہروں میں اسکول بند کر دیئے گئے، پبلک ایونٹس بھی منسوخ کرنا پڑے۔
کویت اور بحرین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، حکام کے مطابق کویت میں تین جبکہ بحرین میں ایک شہری کرونا کا شکار ہوا ہے۔ افغانستان میں صوبہ ہرات میں کرونا کا ایک مریض سامنے آ گیا۔ اٹلی میں کرونا سے تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔