کرونا وائرس ایران میں بھی پنجے گاڑنے لگا، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی

Last Updated On 23 February,2020 10:29 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) ایران میں‌ کرونا وائرس سے 6 اور اٹلی میں‌ 2 افراد ہلاک ہو گئے، چین میں مزید 96 ہلاکتیں، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 442 ہو گئی۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہزار 599 ہو گئی۔

چین کے علاوہ خطرناک وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں پھیلتی جا رہی ہیں، چین مزید 630 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی، ایران میں کرونا وائرس سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، متاثرین کی تعداد 18 ہو گئی۔ وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایران کے شہر قُم کے ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔

اٹلی میں کرونا وائرس سے 2 ہلاکتیں، مریضوں کی تعداد 79 ہو گئی۔ اٹلی کے وزیراعظم کا کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں آنے جانے پر پابندی کا اعلان کر دیا، کرونا وائرس کے باعث 3 فٹ بال میچ منسوخ کردئیے گئے۔ جنوبی کوریا میں بھی 123 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں۔
 

Advertisement