امریکا اور افغان طالبان، امن معاہدے پر پاکستان کے شکر گزار، افغان صدر کا خیرمقدم

Last Updated On 01 March,2020 11:13 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا دوحہ امن معاہدے پر پاکستان کا شکر گزار ہے، امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ پاکستان اور ہمسایہ ممالک کے مزید کردار کے لیے پرامید ہیں۔ نمائندہ افغان طالبان ملا عبدالغنی برادر نے فریقین کو مبارکباد دیتے ہوئے سپورٹ پر اسلام آباد سے اظہار تشکر کیا۔ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستانی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور دیگر برادر ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے تاریخی مذاکرات کی میزبانی پر قطر کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ افغان عوام امن معاہدہ ہونے پر خوش ہیں، بالاخر امن کی فتح ہوئی، قیام امن کے بعد افغان عوام نے اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہے، افغان اورامریکی فورسز نے امن کیلئے مل کر کام کیا۔ افغان عوام امن اورخوشحالی سے رہنے کا حق رکھتے ہیں۔

نمائندہ افغان طالبان ملاعبدالغنی برادر نے کہا کہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے، کامیاب امن معاہدے پر فریقین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دیگر برادر ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، افغانستان کےعوام نے امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ تمام فریقین امن معاہدے کی پاسداری کریں گے۔