لاہور: (دنیا نیوز) سعودی حکومت نے کرونا وائرس خدشے کے پیش نظر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی لگا دی، وزارت صحت اور مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری آج نماز ظہر گھروں میں انفرادی طور پر ادا کریں۔
مشرق وسطیٰ میں بھی وائرس بڑھ رہا ہے، سعودی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ آج مساجد میں صرف ظہر کی اذان دی جائے گی اورلوگ گھر میں نماز ادا کریں گے، پابندی کرونا وائرس سے زائرین کو بچانے کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت لگائی گئی ہے۔ سعودی عرب کے علما بورڈ نے جمعہ اور باجماعت نماز معطل کرنے کا فتوی دیا تھا۔
قبل ازیں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جمعہ کی نماز کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے تھے جہاں مسجد نبوی کے اطراف جراثیم کش ادویات کا سپرے کروایا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق عوامی حفاظت کے پیش نظر حرم شریف اور مسجد نبوی کے صحن میں داخل ہونے اور نمازجمعہ پر پابندی لگا دی گئی، یہ فیصلہ سعودی شاہ کے قوم سے خطاب کے بعد کیا گیا۔