ریاض: (ویب ڈیسک) حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈنسی کی جانب سے گذشتہ روز خانہ کعبہ کو جراثیم سے پاک کرنے، اللہ کے گھر کی سینیٹائزنگ اور اس کی تطہیر کی گئی۔ خانہ کعبہ کی تطہیر اور سینی ٹائزنگ کے لیے شاہ عبدالعزیز غلافہ کعنہ کمپلیکس کی طرف سے خصوصی تکنیکی ٹیم بلائی گئی تھی۔
اس ٹیم نے نہایت مہارت اور احتیاط کے ساتھ سالانہ شیڈول کے مطابق خانہ کعبہ کی تطہیر کا عمل مکمل کیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خانہ کعبہ کا غلاف تیار کرنے والے ادارے کی ٹیم کو حرمین شریفین جنرل پریزیڈنسی کی طرف سے مقدس مقام کی تطہیر کے لیے جدید آلات اور تمام ضروری لوازمات فراہم کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ خانہ کعبہ کی تطہیر کا عمل ایک ایسے وقت میں مکمل کیا گیا ہے جب ماہ صیام کا با برکت مہینہ عالم اسلام پر سایہ فگن ہونے کے ساتھ ساتھ اس وقت پوری مسلم دنیا کرونا جیسی ایک خطرناک وباء سے گذر رہی ہے۔
امام کعبہ اور حرمین پریزنڈنسی کے ڈائریکٹر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ، مسجد حرام اور مسجد نبوی میں صفائی اور ستھرائی کا کام کرنے والوں کو ہر ممکن سروسز فراہم کریں گے۔