ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ رمضان مبارک میں مسجد حرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کا عمل معطل رہے گا۔ یہ فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کے ضمن میں کیا گیا۔
اسی طرح الحرمین الشریفین کے امور کے سربراہ عام ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نمازیوں کی حاضری معطل رہے گی تاہم اس کے ساتھ دونوں مقامات پر نماز تراویح ادا کی جائے گی۔ البتہ رواں سال تراویح کی رکعات بیس کے بجائے دس ہوں گی۔
ڈاکٹر السدیس نے رمضان کے افطار کی باسکٹ کی تقسیم کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ اس منصوبے پر عمل درامد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سکریٹریٹس کے تعاون سے کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ رمضان مبارک کے دوران ہر سال حرمین شریفین میں افطار کے دستر خوان کا متبادل ہو گا۔
کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے ضمن میں رواں سال اس دستر خوان کے اہتمام کو معطل کر دیا گیا ہے۔ لہذا اب مستحق افراد میں افطار باسکٹس کو تقسیم کیا جائے گا۔