نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے، مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 997 ہو گئی، امریکا میں مزید ایک ہزار 157افراد جان سے گئے، اسپین میں شہریوں کو روزانہ ایک گھنٹہ باہر نکلنے کی اجازت مل گئی، اٹلی میں چار مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
دنیا بھرمیں لاکھوں افراد خطرناک عالمی وبا کورونا کا شکار، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھ گئی۔ امریکا میں کورونا وائرس پازیٹو کی تعداد دنیا بھر میں بدستور سب سے زیادہ ہے جو دس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ مزید ایک ہزار 157 افراد جان سے گئے، اموات 55 ہزار سے بڑھ گئی۔
نیویارک گورنر کے مطابق شہری جلد ہی اپنی فارمیسی یا ادویات کے اسٹور میں کوویڈ 19 کی ٹیسٹنگ کرا سکیں گے۔ امریکا کی مزید چار ریاستوں میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا آغاز ہو گیا ہے۔
کورونا کے شکار برطانوی وزیراعظم مکمل صحت یاب ہو گئے، بورس جانسن سرکاری رہائش گاہ پہنچ گئے، آج ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ برطانیہ میں کورونا سے 20 ہزار 732 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں۔
یورپ میں سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ریکارڈ کی گئی ہیں تاہم کیسز کی تعداد کم ہونے پر ملک میں چار مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ناگاساکی میں لنگر انداز اٹلی کے جہاز میں عملے کے 148 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اسپین میں بچوں کو روزانہ ایک گھنٹہ باہر نکلنے کی اجازت دے دی گئی جہاں پولیس لوگوں کو مانیٹر کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کر رہی ہے۔ ترکی میں کورونا سے 2,805 ، ایران میں 5,710، بھارت میں 881 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔