اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ لگ رہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحل میں آنے والے دنوں میں کچھ استحکام پیدا ہو۔
اسلام آباد میں وبائی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 80 فیصد سے زائد اب مقامی سطح کے کیسز ہیں، ٹیسٹوں کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 ہزار 218 ٹیسٹ کیے گئے۔ اس وقت ملک میں بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار 723 ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو چند ہزار ایڈریس دیئے گئے ہیں، ان افراد پر کورونا میں مبتلا ہونے کا شبہ ہے، صوبائی حکومتیں ان افراد کے کورونا ٹیسٹ کرائیں گی۔
انہوں نے اپیل کی کہ عوام مساجد میں جانے سے اجتناب کریں۔ پاکستان میں 80 فیصد سے زائد اب مقامی سطح پر کیسز ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے باعث 269 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، 49 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ دو ہزار 866 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 44 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 783 مریضوں جبکہ پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز 332 کا اضافہ ہوا۔ لگ رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کچھ استحکام پیدا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 29 لاکھ سے زائد پوزیٹو کیس جبکہ دنیا بھر میں دو لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔