لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سلام ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے ساتھ ساتھ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو بھی ہر ماہ اضافی تنخواہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم ڈاکٹروں اور طبی عملے کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے، پنجاب حکومت کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کواپریل سے اضافی تنخواہ دے گی جبکہ کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو بھی اضافی بنیادی تنخواہ دیں گے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو ہر ماہ اضافی تنخواہ ملے گی، آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔