پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں جزوی لاک ڈائون کا تاجروں اور دکانداروں نے ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کر دیا، پابندی کےاحکامات کے باوجود پشاور کے مختلف علاقوں میں دیگر دکانیں بھی کھل گئیں، شہری کہتے ہیں حکومت کے ریلیف کو غلط انداز میں نہ لیا جائے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقوں قصہ خوانی، سکندر پورہ، پیپل منڈی، ہشتنگری، کوہاٹی، سرکلر روڈ اور اندرون شہر میں دکانیں بلا کسی خوف و خطرکھول لی گئی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا ریلیف دینے کا اقدام اچھا ہے تاہم دکانداروں اور تاجروں کو بھی احساس کرنا چاہیئے۔
خیبر پختونخوا میں اگرچہ جزوی لاک ڈائون برقرار رکھا گیا ہے تاہم پشاور میں عملی طور پر اقدامات نظر نہیں آ رہے، لوگ اب بھی بازاروں اور مارکیٹوں میں موجود ہیں، دکانوں کے کھولنے کے معاملے پر انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔