اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام دکانیں شام پانچ بجے بند کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اس دوران صوبوں نے سندھ سمیت لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا دورانیہ 15 روز کے بڑھا رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے بھی لاک ڈاؤن دورانیہ کو مزید 15 روز بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تمام دکانیں شام پانچ بجے بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے، دکانیں اور فوڈ آوٹ لیٹس پانچ بجے بند کرا دیئے جائیں گے، پولیس کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تمام ہدایات جاری کر دی گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رمضان المبارک سے متعلق سندھ حکومت نے بڑا حکم نامہ جاری کیا تھا، تراویح گھروں پر ادا کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، فروٹ چاٹ سموسے اور پکوڑے کے سٹالز لگانے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
ماہ صیام کے حوالے سے سندھ حکومت نے ایس او پیز پر مبنی حکم نامہ جاری کیا تھا، حکم نامے کے مطابق تراویح کی ادائیگی گھروں پر ہوگی،مساجد آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ افطار کے روایتی لوازمات فروٹ چاٹ سموسے اور پکوڑے کے سٹالز لگانا منع ہوگا۔ روزے دار صرف ہوم ڈیلیوری کے ذریعے اشیاء منگوا سکتے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ کریانہ سٹور اور سبزی کی دکانیں صبح آٹھ بجے سےشام پانچ تک کھلی رہیں گی، دودھ کی دکانوں کورات آٹھ بجے تک کام کی اجازت ہوگی، ریستوران شام پانچ سے رات دس بجے تک ڈیلیوری کرسکتے ہیں ، ہوٹلز میں ٹیک اوے پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
سندھ حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ شہری شام پانچ بجے سے رات آٹھ بجے تک گھروں سے نہیں نکل سکتے، پبلک ٹرانسپورٹ،ڈبل سواری اورعمومی کاروباری سرگرمیوں کی اجازت بھی نہیں ہوگی، خلاف ورزی پر سندھ وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 2014 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔