اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر مساتسوگو اساکاوا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان کے لیے ہنگامی امدادی پیکیج تیار کر رہے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کا کہنا تھا کہ ہنگامی امدادی پیکیج کے لیے وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے سے نمایاں معاشی و جانی نقصان ہواہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے ہنگامی امدادی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو فوری طور پر مالی اعانت فراہم کی جا سکے۔
صدر اے ڈی بی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی میں مدد ملے گی، معاشرے کے کمزور اور غریب طبقات کی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں گی، صحت و معاشی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کی جائے گی۔