کورونا وائرس: فرانس میں 1500 فوجی اہلکاروں میں مہلک وباء کا انکشاف

Last Updated On 24 April,2020 08:04 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد میں روز برز اضافہ ہو رہا ہے، اب تک ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ لاکھوں کو وباء سے بچانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تاہم ملک کے 1500 فوجی اہلکاروں کے مہلک وباء سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی فوج میں صحت سے متعلق خدمات کی مرکزی ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ 1500 فوجی اہل کار کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں شارل ڈیگل طیارہ بردار بحری جہاز میں سوار 1000 سے زیادہ سیلرز شامل ہیں۔

ڈاکٹر مارلن جینیرو نے بتایا کہ 21 اپریل تک فرانس کی فوج میں کرونا کے 1500 مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں 15 افراد ریکوری رُومز میں موجود ہیں جن میں سے 3 کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ فرانس میں اب تک کرونا کے سبب 21340 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف جاپان میں جنوری سے لنگر انداز بحری جہاز میں کورونا پھیلنے لگا، کوسٹا اٹلانٹیکا میں عملے کے 623 میں سے 91 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، سفر پر گئے بغیر جہاز میں کورونا وائرس کیسے پھیلا، تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ بحری جہاز جنوری کے آغاز سے ناگاساکی میں لنگر انداز ہے۔
 

Advertisement