کوروناوائرس: جنوبی ایشیائی ممالک میں ترسیلات زر میں 22 فیصد کمی کا خدشہ

Last Updated On 24 April,2020 04:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی وبا کے باعث عالمی بینک نے بین الاقوامی سطح پر ترسیلات زر میں 20فصد کمی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں شرح 22فی صد تک ہوگی۔

عالمی بینک کے مطابق کورونا کی وبا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاون ہے، صنعتیں اور مارکیٹس بند ہیں جس سے لوگوں کے روزگار کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث خلیجی ممالک سے ترسیلات میں واضح کمی ہوگی جبکہ لاک ڈاون کی وجہ سے امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک سے ترسیلات میں کمی کے خدشات ہیں۔

عالمی بینک کے مطابق عالمی سطح پر ترسیلات 20 فیصد کمی سے 445ارب ڈالر جبکہ جنوبی ایشیائی میں ترسیلات زر 22 فیصد کمی سے 109ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین میں سختی کے باعث ترسیلات کی خدمات میں اضافہ ہوگا۔ ساتھ ہی ان قوانین کی تبدیلی سے پاکستان اور افغانستان میں ترسیلات بھیجنے کی لاگت بڑھے گی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مالی سال بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تقریبا 22 ارب ڈالر اور رواں مالی سال کے 9ماہ میں 17ارب ڈالر ملک بھیجے ہیں۔
 

Advertisement