اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا صرف طبی نہیں معاشی چیلنج بھی ہے، دنیا کو مل کر جان لیواوبا کا مقابلہ کرنا ہوگا، مشکل کی گھڑی میں بیرون ملک رہنے والوں نے بھرپور ساتھ دیا۔
ان خیالات کا اظہار شاہ محمود قریشی نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک خطاب کے دوران کیا،
ویڈیو لنک خطاب کے دوران سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید اور امریکا میں پاکستانی کے افسران بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو کورونا وبا کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی جانیوالی کاوشوں سے آگاہ کرنے اور ان کو درپیش مسائل سننے کیلئے "ٹاون ہال ورچول اجلاسوں" کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
وزر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ورچوئل ملاقات ، اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب بھی کریں گے جسے پی ٹی وی براہ راست نشر کرے گا۔