لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں چند روز کے دوران تیزی سے اضافہ ہونے لگا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 12644 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 268 افراد چل بسے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 704 مریض سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کی بات کی جائے تو 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 6780 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار 147 کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں مریضوں کی بات کی جائے تو اس وقت مریضوں کی تعداد 12644تک پہنچ چکی ہے، اس دوران 2759 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 9889 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔
چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مریضوں کی بات جائے تو اس وقت پنجاب میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں پر 5378 مریض ہیں۔
دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں پر مریضوں کی تعداد 4232 ہے، بلوچستان میں 656 ، خیبر پختونخوا میں 1793، اسلام آباد میں 223، آزاد کشمیر میں 55 اور گلگت بلتستان میں 307 مریض ہیں۔
ملک بھر میں جاں بحق افراد کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں، جہاں پر 93 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 78 افراد خالق حقیقی سے جا ملے، پنجاب میں 81 افراد کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جانبرنہ ہو سکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 3، بلوچستان میں 10، گلگت بلتستان میں تین افراد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 32، بلوچستان میں 176 ، گلگت بلتستان 213، اسلام آباد میں 29، خیبر پختونخوا میں 472، پنجاب میں 1065، سندھ میں 772 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹز کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 22.19 فیصد کیسز لاہور میں ہیں، کراچی میں 13.97 فیصد اور پشاور میں 6.1 فیصد مریض ہیں۔
سکیورٹی کی بات کی جائے تو چاروں صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پاک فوج، پولیس اہلکار سمیت دیگر اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
دریں اثناء خیبرپختونخوا میں پہلا ڈاکٹر کورونا کیخلاف زندگی کی جنگ ہار گیا، ڈاکٹر جاوید حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ای این ٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید میں چند ہفتے پہلے کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، ڈاکٹر محمد جاوید کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
مزید برآںرکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، ایم این اے منیر خان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ منیر خان اورکزئی کی حالت خطرے سے باہر ہے، منیر اورکزئی کو آئی سی یو سے آئسولیشن وارڈ شفٹ کر دیا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن کے مطابق گزشتہ روز معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش کی طبیعیت کی خرابی کی باعث ہسپتال گئے جہاں پر کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔
ٹیسٹ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں کرایا گیا، ٹسیٹ کے بعد کامران بنگش گھر میں کورنٹائن ہوگئے ہیں جبکہ ان کے خاندان کے مزید 11 افراد کے نمونے بھی تجزیئے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔
اُدھر لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم سرور کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا
لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری لاہور میں فرائض سر انجام دے رہے تھے، جوڈیشل مجسٹریٹ کا ایک ہفتہ سے گلا خراب اور بخار تھا۔ 23اپریل کو کوروناٹیسٹ کیلئے خون کے نمونے لیے گئے جس کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
سیشن جج لاہور نے ضلع کچہری میں دو عدالتیں سیل کرنے کا حکم دیدیا، دونوں عدالتوں میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم سرور نے فرائض سر انجام دئیے۔
سیشن جج لاہور نے مزید 6 مجسٹریٹس کو ٹیسٹ کروانے کا حکم دیدیا، مجسٹریٹس خالد یعقوب، یوسف عبدالرحمن،عدیل انور، عامر بیٹیو اور امان اللہ کو ٹیسٹ کروانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، حتمی رپورٹ آنے تک مجسٹریٹس کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
چنیوٹ کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے والا پنجاب کا پہلا ضلع بن گیا۔ مہلک وباء کو شکست دیکر 10 مریض گھروں کو چلے گئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اس وقت ہمارے پاس چنیوٹ شہر میں کورونا کا کوئی بھی مریض نہیں ہے، ضلع سے ٹوٹل 353 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 10 کا رزلٹ پازیٹو آیا۔ قرنطینہ سنٹر میں رکھے گئے کورونا کے 10 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
محمد ریاض کا مزید کہنا تھا کہ فاسٹ یونیورسٹی قرنطینہ سنٹر میں علاج کے بعد 10 مریضوں کی رپورٹ منفی آگئی، قرنطینہ سنٹر سے تمام مریضوں کو گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھوانہ سے تعلق رکھنے والے 4 مریض علی عباس، ندیم، راشد، شاہد عمران تحصیل لالیاں کے عون عباس اور کنیز، چنیوٹ کے علاقہ طاہر آباد سے 2 مریضون کو کرونا رپورٹس مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا تھا۔ 10 مریض 15 دن میں صحت یاب ہوئے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کورونا کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹرپیغا م میں کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کورونا کیخلاف جنگ میں حکومت کی بھی مدد کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹرز کی رضاکارانہ رجسٹریشن کیلئے یاران وطن کے نام سے پلیٹ فارم بنا دیا ہے، اس سے بیرون ملک مقیم ڈاکٹرز بھی خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔