آن لائن کاروبار رسید پر ہوگا، حکومت سندھ نے ایس او پی جاری کر دیئے

Last Updated On 25 April,2020 08:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے آن لائن کاروبار کرنے والوں کے ایس او پی جاری کر دیئے ہیں۔

سندھ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز کے مطابق آن لائن کاروبار رسید پر ہوگا آن لائن کاروبار کی ایک رسید بطور ثبوت حکومت کو بھی جمع کروانی ہوگی۔

ایس او پیز کے مطابق کاروبار کا مالک ملازمین کی صحت کا ذمہ دار ہو گا، ملازمین کی آمد کے ساتھ ہی ان کا بخار چیک کیا جائے گا، مارکیٹ کا سربراہ ایس او پی پرعمل درآمد کروانے کا پابند ہو گا۔

ایس او پیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ کسی بھی دکاندار کو الگ سے کسی اجازت کی ضرورت نہیں، کسی بھی صورت میں دکان پر گاہک کے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ آن لائن آرڈر لیے جائینگے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامے کے مطابق دکان کھولنے کی اجازت ہرگز نہیں ہو گی، آن لائن کاروباری سرگرمیوں کا اطلاق 27اپریل سے تاحکم ثانی ہو گا، صرف رجسٹرڈ سٹاف کام کر سکے گا۔ کسی ایک بھی ایس او پی کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار معطل کردیا جائیگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رمضان المبارک سے متعلق سندھ حکومت نے بڑا حکم نامہ جاری کیا تھا، تراویح گھروں پر ادا کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، فروٹ چاٹ سموسے اور پکوڑے کے سٹالز لگانے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

ماہ صیام کے حوالے سے سندھ حکومت نے ایس او پیز پر مبنی حکم نامہ جاری کیا تھا، حکم نامے کے مطابق تراویح کی ادائیگی گھروں پر ہوگی،مساجد آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ افطار کے روایتی لوازمات فروٹ چاٹ سموسے اور پکوڑے کے سٹالز لگانا منع ہوگا۔ روزے دار صرف ہوم ڈیلیوری کے ذریعے اشیاء منگوا سکتے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ کریانہ سٹور اور سبزی کی دکانیں صبح آٹھ بجے سےشام پانچ تک کھلی رہیں گی، دودھ کی دکانوں کورات آٹھ بجے تک کام کی اجازت ہوگی، ریستوران شام پانچ سے رات دس بجے تک ڈیلیوری کرسکتے ہیں ، ہوٹلز میں ٹیک اوے پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

سندھ حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ شہری شام پانچ بجے سے رات آٹھ بجے تک گھروں سے نہیں نکل سکتے، پبلک ٹرانسپورٹ،ڈبل سواری اورعمومی کاروباری سرگرمیوں کی اجازت بھی نہیں ہوگی، خلاف ورزی پر سندھ وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 2014 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
 

Advertisement