لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 269 ہو گئی، کیسز 12ہزار 723 تک پہنچ گئے، پنجاب میں 5378، سندھ 4232، خیبرپختونخوا 1793 اور بلوچستان میں 722 مریض سامنے آچکے ہیں، صحت یاب افراد کی تعداد 2866 ہو چکی ہے۔ معاون خصوصی ظفر مرزا نے شہریوں کو رش والی جگہوں پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے، سندھ حکومت نے نیا ایس او پی جاری کر دیا، صوبے میں آن لائن کاروبار ہو سکے گا۔
گھر میں رہیں، محفوظ رہیں، کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک 2866 افراد کورونا کے شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 15 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد تعداد 269 تک پہنچ گئی، ملک بھر میں 783 نئے کیسز آنے کے بعد تعداد 12ہزار 723 تک پہنچ گئی۔
پنجاب میں 5378، سندھ 4232، خیبرپختونخوا 1793 اور بلوچستان میں 722 مریض سامنے آچکے ہیں، اسلام آباد میں 235، گلگت بلتستان 308 اور آزاد کشمیر 55 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ادھر ملک کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن برقرار ہے، سندھ حکومت نے نیا ایس او پی جاری کر دیا جس کے مطابق آن لائن کاروبار کی رسید بطور ثبوت حکومت کو بھی جمع کرانی ہو گی۔
ملازمین کی آمد کے ساتھ ہی ان کا بخار چیک کیا جائے گا۔ مارکیٹ کا سربراہ ایس او پی پرعمل درآمد کرانے کا پابند ہوگا، کسی بھی صورت میں دکان پر گاہک کے آنے کی اجازت نہیں ہو گی، خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار معطل کردیا جائیگا۔
معاون خصوصی ظفر مرزا نے ایک بار پھر عوام کو رش والی جگہوں پر نہ جانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے بتایا پاکستان میں کسی ویکسین پر کام نہیں ہو رہا، چین اور جاپان کی کمپنی نے کورونا ویکسین کی ٹیسٹنگ کے لیے رابطہ کیا ہے۔