واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تعداد اب تک 54 ہزار 265 ہو گئی۔ 9 لاکھ 61 ہزار تک لوگ متاثر ہیں، تنقید کے ڈر سے امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں روازانہ کی بریفنگ نہیں دی۔
امریکا کورونا وائرس کی جکڑ میں ہے، ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے نیویارک میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کردی جس پر صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کا کیا مقصد ہے، جب میڈیا صرف دشمنی پر مبنی سوالات ہی کرتا ہے جس کے بعد امریکی عوام کو فیک نیوز کے علاوہ کچھ نہیں ملتا۔
امریکی صدر کو جراثیم کش کیمیکل کے ٹیکے لگانے کے مشورے پر شدید رد عمل کا سامنے کرنا پڑا، ڈاکٹرز اور کیمیکل ساز کمپنیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، امریکا میں ٹرمپ کے سیاسی حریفوں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔