نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا بے قابو ہو گیا، مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 673 ہو گئی۔ امریکا میں مزید 865، برازیل میں 485، فرانس میں 483 افراد ہلاک ہوئے، برطانیہ نے کورونا ویکسین کے لیے 84 ملین پاؤنڈذ کے فنڈز کا وعدہ کیا ہے۔
مہلک وائرس قابو میں نہ آسکا، دنیا بھر میں زندگیاں نگلنے کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مزید 865 افراد لقمہ اجل بن گئے، تعداد 91 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
سب سے زیادہ 191 ہلاکتیں ریاست نیو یارک میں ہوئیں، گورنر اینڈریو نے ٹی وی پر براہ راست اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کا مقصد لوگوں کو ٹیسٹ کرانے کی ترغیب دینا ہے۔ اس سے پہلے گورنر کا کہنا تھا ڈاکٹروں کو معائنہ کرانا انہیں پسند نہیں ہے۔
برطانیہ میں مزید 170 افراد ہلاک ہو گئے، تعداد 34 ہزار 636 ہو گئی۔ برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے لیے سائنسدانوں کو 84 ملین پاؤنڈز کے فنڈز فراہم کرے گا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی نے ایک کمپنی کے ساتھ مل کر ویکسین کا عالمی لائسنس بھی حاصل کر لیا ہے، ویکسین بننے پر اسے سب سے پہلے برطانیہ حاصل کرے گا۔ ویکسین کی دس کروڑ تیار کی جانے والی دوائی میں سے برطانیہ کو تین کروڑ ویکسین ملیں گے۔
کورونا وائرس سے برازیل میں مزید 485، فرانس میں 483، میکسیکو میں 278، اسپین میں 87 اور روس میں 94 اموات ہوئیں۔ بھارت میں 151، ایران میں 51،ترکی میں 44 افراد وائرس کا شکار ہو گئے۔