اسلام اور مسلمانوں کیخلاف نفرت آمیز پروپیگنڈے کا مقابلہ اولین ترجیح ہے، یو این سیکرٹری جنرل

Last Updated On 24 May,2020 06:30 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا انکی اولین ترجیح ہے۔

 

انہوں نے گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی امن اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے انکی توجہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں اور اسلام مخالف پروپیگنڈے کی طرف مبذول کروائی۔

سیکرٹری جنرل نے اسلام مخالف پروپیگنڈے کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے سے مل کر نمٹنے پر زور دیا۔ سفیر منیر اکرم نے اپنے بیان میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران بھارت میں اسلام مخالف پروپیگنڈے اور مسلمانوں پر الزام تراشی میں خطرناک حد تک اضافے کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے گزشتہ سال پانچ اگست سے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ پابندیوں کے نفاذ کو بھی اجاگر کیا جب بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف متنازع علاقے کا بھارت کے ساتھ الحاق کیا تھا۔
 

Advertisement