سین جوز: (دنیا نیوز) کوسٹاریکا پولیس نے 1250 کلو گرام کوکین یورپ سمگل کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، مال کی رقم لاکھوں یورو بتائی گئی ہے.
انٹی نارکوٹکس کے آفیسر کا کہنا تھا کہ کارگو پر شک ہونے پر اس کی تلاشی لی گئی تو منشیات کی یہ بڑی کھیپ پکڑی گئی، سمگلروں نے منشیات پائن ایپل کے کنٹینروں میں چھپا رکھی تھی۔
سیکڑوں کلو کوکین نیدرزلینڈ کے شہر روٹرڈم لے جانے کا منصوبہ تھا۔ حکام نے اس کی قیمت لاکھوں یورو بتائی ہے، کوسٹاریکا حکام کے مطابق ماضی میں بھی اسی طرح کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں، رواں فروری میں 5 ہزار کلو گرام کی شپمنٹ پکڑی گئی جبکہ اپریل میں 4500 کلو گرام کی شپمنٹ حکام نے قبضے میں لی تھی جو کیلوں کے کنٹینر میں چھپائی گئی تھی۔
کوسٹا ریکا حکام نے مزید بتایا کہ رواں برس مجموعی طور پر منشیات کی ایسی نویں بڑی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔