مالی میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا، صدر جبری مستعفی، اسمبلیاں تحلیل

Published On 19 August,2020 09:48 pm

مالی : (دنیا نیوز) افریقی ملک مالی میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ فورسز نے صدر سے جبری استعفیٰ لیا، اسمبلیاں تحلیل کردی گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فوجی ترجمان نے مناسب وقت کے اندر ملک میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کردیا جبکہ باغیوں نے ملک کا انتظام چلانے کے لئے قومی کمیٹی برائے عوامی نجات بنانے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ابراہیم بوبکر کیتا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ مجھے اقتدار میں رکھنے کی خاطر خون کی ایک بھی بوند بہائی جائے۔آج اگر ہماری فوج کے چند عناصر مداخلت کرکے یہ معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں تو میرے پاس اور کوئی چارہ ہی کیا ہے؟مجھے کسی سے نفرت نہیں ہے، میرے ملک سے میری محبت مجھے اس کی اجازت نہیں دیتی ہے۔ خدا ہماری حفاظت کرے۔

 

دوسری طرف اقوام متحدہ نے مالی کے صدر اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا اور افریقن یونین نے مالی کی رکنیت معطل کردی۔

یہ بھی پڑھیں: افریقی ملک مالی میں بغاوت، فوجی اہلکاروں نے صدر، وزیر اعظم کو حراست میں لے لیا

اُدھر مغربی افریقا کے پندرہ ممالک نے مالی کے لئے سرحدیں بند کردیں، امریکا کی جانب سے مالی میں فوجی بغاوت کی مذمت کی ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ مالی میں فوجی بغاوت خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتی ہے جبکہ چین نےبھی طاقت کے بل بوتے پر حکومت کی تبدیلی کی مخالفت کی ہے۔