ڈونلڈ ٹرمپ جذبہ ہمدردی سے یکسر خالی ہیں، مشل اوباما کی امریکی صدر پرکڑی تنقید

Published On 18 August,2020 03:47 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) سابق خاتونِ اول مشل اوباما صدر ٹرمپ پر پھٹ پڑیں اور انہیں جذبہ ہمدردی سے یکسر خالی قرار دے دیا۔

مشل اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن سے خطاب میں صدر ٹرمپ پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا کے لیے غلط صدر ہیں۔ انہوں نے ووٹرز سے جو بائیڈن کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جو افراتفری پھیلا رکھی ہے اسے جوبائیڈن نومبر میں ختم کر دیں گے۔

مشل اوباما کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے کورونا وبا کو توجہ نہ دینے کی غلطی کے سبب 1 لاکھ 70 ہزار امریکی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، انہوں نے ٹرمپ کو امریکہ بھر میں نسل پرستی کی آگ بھڑکانے اور معصوم بچوں کو بارڈر پر والدین سے علیحدہ کرنے جیسے ظالمانہ اقدام اٹھانے پر جذبہ ہمدردی سے بالکل خالی قرار دیا۔

سابق خاتون اول نے مزید کہا کہ ٹرمپ کو اتنا ٹائم ملا جس میں وہ اگر کچھ پرفارم کرنا چاہتے تو کر سکتے تھے، لیکن وہ بالکل ایسے شخص نہیں جو ہم امریکی چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو ملک دشمن کہا جبکہ سفید فام بالادستی کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ مشل کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے کہنے پر پرامن مظاہرین پر مرچوں والا سپرے کیا گیا اور ربڑ کی گولیاں برسائی گئیں۔ انہوں نے امریکی شہریوں کو کہا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر شہریوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق نئے صدر کے انتخاب کیلئے ووٹ دیں۔
 

Advertisement