واشنگٹن: (دنیا نیوز) الیکشن ملتوی کرنے کے معاملے پر ری پبلکنز کی بھی مخالفت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یوٹرن لینا پڑ گیا۔
الیکشن ملتوی کرنے کے معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹرن، ٹرمپ نے اپنے نئے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن ہونے چاہیے اور اس کا نتیجہ اسی رات معلوم ہو جانا چاہیے، یہ نہ ہو کہ کئی روز اور مہینوں یا سالوں تک انتظار کرنا پڑے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ افراد نے بھی الیکشن ملتوی کرنے کی مخالفت کی ہے۔ سینیٹر ٹڈکروز اور مارکوروبیو نے کہا کہ صدر ٹرم الیکشن ملتوی نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے کہا تھا کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ ڈاک کے ذریعے زیادہ ووٹنگ کی وجہ سے فراڈ اور غلط نتائج آ سکتے ہیں۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں صدر ٹرمپ نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ یونیورسل میل اِن ووٹنگ 2020ء نومبر کے ووٹ کو تاریخ کا سب سے زیادہ غلط اور دھوکے والا الیکشن بنا دے گی اور یہ امریکا کے لیے ایک بڑی شرمندگی ہو گی۔