نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیکس ریکارڈ سےمتعلق تاریخی فیصلہ سناتےہوئے کہاہے کہ امریکی صدر عدالت کو اپنے کاروباری ریکارڈ تک رسائی دینے کے پابند ہیں۔ نو رکنی بنچ نے سات دوکے اکثریتی فیصلے میں کانگریس کی ٹرمپ کے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی روک دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوجداری مقدمے میں صدر سمیت کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں، صدر ٹرمپ اپنا کاروباری ریکارڈ عدالت میں پیش کریں، امریکی سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے صدر ٹرمپ کو ٹیکس ریکارڈ تک عدالت کو رسائی دینے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکمنامے کے مطابق صدر ٹرمپ یہ ریکارڈ عدالت کے حوالے کرنے کے پابند ہیں لیکن کانگریس اراکین کو اس ریکارڈ تک رسائی نہیں ملے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ اس سے ان کی سیاسی کردار کشی کا ایک اور موقع ہاتھ آئے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ رچرڈ نکسن کے بعد پہلے صدر ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنا ٹیکس ریکارڈ پبلک نہیں کیا ۔ امریکی میڈیا پر صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیکس میں ہیر پھیر کی خبریں آئیں تو امریکی کانگریس کے اراکین اور نیویارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی نے صدر ٹرمپ کا ٹیکس ریکارڈ طلب کیا تھا۔