ٹرمپ نے یوم آزادی کے خطاب میں بائیں بازو کی انتہاپسندی کو بڑا خطرہ قرار دیدیا

Last Updated On 05 July,2020 11:58 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے یوم آزادی کے خطاب میں بائیں بازو کی انتہاپسندی کو بڑا خطرہ قرار دے دیا، امریکی شہروں میں نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے خلاف بڑے مظاہرے کیے گئے، ریاست بالٹی مور میں کولمبس کا مجسمہ گرا دیا گیا۔

نسلی تعصب کے خلاف امریکا کے یومِ آزادی پر بھی مظاہرے، واشنگٹن اور نیویارک میں بڑے مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے واشنگٹن میں امریکی پرچم پھاڑ دیا۔ ٹرمپ کے حامی اورمخالفین آمنے سامنے آئے اور آپس میں گتھم گتھا ہو گئے، پولیس اہلکار بیچ بچاؤ کراتے رہے۔ نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کےسامنے بھی امریکی پرچم جلایا گیا۔

صدر ٹرمپ نے یوم آزادی کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ مظاہرین امریکی تاریخ مٹانا چاہتے ہیں، انہوں نے مظاہرین کو نازیوں اور دہشت گردوں سے بھی تشبیہ دی، مزید کہا کہ بنیاد پرست بائیں بازو کو شکست دیں گے۔

امریکی صدر یوم آزادی کے موقع پر چین پر تنقید کرنا بھی نہ بھولے، کہا جہاں سے وائرس کی ابتدا ہوئی اسے مکمل طور پر جواب دہ ہونا چاہیے۔
ریاست بالٹی مور میں مشتعل مظاہرین نے کولمبس کا مجسمہ بھی گرا دیا، مظاہرین نے مجسمہ کا سر پانی میں پھینک دیا، پولیس کسی فرد کو گرفتار نہ کر سکی۔
 

Advertisement