نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ ڈاک کے ذریعے زیادہ ووٹنگ کی وجہ سے فراڈ اور غلط نتائج آ سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انھوں نے مشورہ دیا کہ اس وقت تک انتخابات ملتوی رہیں جب تک لوگ ’مناسب اور محفوظ‘ طریقے ووٹ نہیں ڈال سکتے۔
صدر ٹرمپ کے دعوے کی سچائی ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن وہ کافی عرصے سے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے خلاف بات کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے دھاندلی ہو سکتی ہے۔
امریکی ریاستیں چاہتی ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہونے والی صحت کے متعلق تشویش کی وجہ سے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ آسان ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ یونیورسل میل اِن ووٹنگ 2020ء نومبر کے ووٹ کو تاریخ کا سب سے زیادہ غلط اور دھوکے والا الیکشن بنا دے گی اور یہ امریکا کے لیے ایک بڑی شرمندگی ہو گی۔
With Universal Mail-In Voting (not Absentee Voting, which is good), 2020 will be the most INACCURATE & FRAUDULENT Election in history. It will be a great embarrassment to the USA. Delay the Election until people can properly, securely and safely vote???
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) July 30, 2020
خبر رساں ادارے کے مطابق اس ماہ کے آغاز میں چھ امریکی ریاستیں نومبر میں ہونے والے انتخابات ڈاک کے ذریعے کرانے کا منصوبہ بنا رہی تھیں۔ یہ ریاستیں اپنے تمام ووٹرز کو ڈاک کے ذریعے بیلٹ پیپر بھیجیں گی، جو یا تو ڈاک کے ذریعے واپس آئے گا یا پھر الیکشن کے دن مجوزہ مقامات پر واپس کر دیا جائے گا۔
اگرچہ کچھ ’ان پرسن‘ یا بذاتِ خود ووٹنگ کی سہولت بھی موجود ہے لیکن وہ محدود حالات میں ہی ہے۔ امریکا کی تقریباً آدھی ریاستیں ووٹروں کو ڈاک کے ذریعے درخواست پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دیتی ہیں۔