صدر ٹرمپ نسل پرست، جھوٹے اور کئی ٹیکس فراڈ کر رکھے ہیں، سابق اٹارنی کا کتاب میں انکشاف

Published On 14 August,2020 02:01 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ کے سابق اٹارنی نے نئی کتاب ڈس لائل لکھ کر امریکی صدر کا بھانڈا پھوڑ دیا، کہتے ہیں امریکی صدر نسل پرست ہیں اور انہوں نے کئی ٹیکس فراڈ کر رکھے ہیں، وہ اپنی بیوی سے بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کو ایک کے بعد ایک مشکل کا سامنا ہے، امریکی صدر کے سابق اٹارنی مائیکل کوہن نے کتاب لکھ کر کئی انکشافات کر دیئے۔ مائیکل کوہن نے لکھا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پسِ پردہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ رابطے میں تھے۔

کتاب میں مائیکل کوہن نے لکھا ہے کہ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا سے بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ ٹرمپ کے کوئی سچے دوست نہیں ہیں، صدر کے سابق قانونی مشیر نے لکھا کہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کے کہنے پر دھاندلی کا انتظام کرایا۔ انہوں نے ٹرمپ کے حکم پر مرضی کی سروے رپورٹ تیارکرائیں۔ مائیکل کوہن کے مطابق من پسند سروے رپورٹس تیار کرانے کیلئے آئی ٹی فرم کو بڑی رقم دی گئی۔

مائیکل کوہن کی کتاب ستمبر میں مارکیٹ میں آئے گی جس کو رکوانے کی بھی کوششیں جاری ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے مائیکل کوہن جھوٹ بول کر پیسے کمانا چاہتے ہیں، مائیکل کوہن 2006 سے 2018 تک صدر ٹرمپ کے وکیل رہ چکے ہیں۔
 

Advertisement