واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات دینا مہنگا پڑ گیا ہے۔ فیس بک نے پوسٹ کو حذف جبکہ ٹویٹر نے ان کی مہم کا اکاؤنٹ ہی منجمد کر دیا۔
خیال رہے کہ فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ بچے کورونا وائرس سے محفوظ رہتے ہیں کیونکہ وہ اس وائرس کے خلاف مدافعت رکھتے ہیں۔ یہ وقت ہے کہ بچوں کے سکولز کھول دیے جائیں۔
فیس بک نے اس ویڈیو پوسٹ ہی کو حذف کردیا جبکہ ٹویٹر نے ٹرمپ مہم کے اکاؤنٹ کو منجمد کر دیا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے اسی کلپ کا ٹویٹ ہی ختم کر دیا۔
امریکی میڈیا نے صدر ٹرمپ کےاس انٹرویو پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ سی این این نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے کورونا اور ووٹنگ کے حوالے سے 20 غلط دعوے کئے۔
امریکی محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ بچوں کو کووڈ 19 پر کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ ٹرمپ مہم نے ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صدر کے خلاف تعصب کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے حقیقت پر مبنی بیان دیا۔