امریکا میں سمندری طوفان لارا تیزی سے ٹیکساس کی جانب بڑھنے لگا

Published On 27 August,2020 12:01 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں سمندری طوفان لارا تیزی سے ٹیکساس کی جانب بڑھنے لگا، اسے خطرناک ترین طوفان قرار دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے ہنگامی وارننگ جاری کر دی، طوفان کے ساتھ 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھیاں چل رہی ہیں، علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کر دی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو دواوں اور ضروری لباس سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کرنے کا بھی کہا ہے۔

چارلس جھیل سے 48 کلومیٹر کے علاقے میں شدید بارشوں کا بھی امکان ہے جبکہ لارا طوفان جھیل کے قریب 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے متحرک ہے اور اس کا رخ شامل مغربی علاقوں کی جانب ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تمام تر ہنگامی اعلانات کے باوجود 150 افراد نے اپنا علاقہ خالی کرنے سے انکار کر دیا تاہم علاقے میں تمام نیشنل گارڈز کو ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔ پورٹ آرتھر کے علاقے میں شہری حکام نے علاقہ مکینوں کو سی 130 طیاروں کے ذریعے بھی نقل مکانی کی پیشکش کی ہے۔