امریکہ میں سیاہ فام شخص پر فائرنگ کیخلاف پرتشدد مظاہرے جاری، سڑکیں میدان جنگ بن گئیں

Published On 26 August,2020 11:07 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی پولیس اہلکار کی گولیوں سے شدید زخمی ہونے والے سیاہ فام کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسے دوبارہ چلنے کے لیے معجزے کی ضرورت ہو گئی۔ کینوشا شہر میں واقعے کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری ہیں، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے، سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔

امریکا میں نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے خلاف احتجاج تھم نہ سکا، امریکی پولیس اہلکار کی گولیوں سے شدید زخمی ہونے والے سیاہ فام کے وکلا کا کہنا ہے کہ اسے دوبارہ چلنے کے لیے معجزے کی ضرورت ہو گئی۔ ایک گولی جیکب بلیک کی ریڑھ کی ہڈی کو پار کر گئی ہے۔ 29 سالہ جیکب کی والدہ نے کہا ہے کہا اس کا بیٹا زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے، سیاہ فام کی بہن کا کہنا تھا وہ اپنے بھائی کی نگہبان ہے۔

کینوشا شہر میں واقعے کے خلاف پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، رات بھر سڑکیں میدانِ جنگ بنی رہیں، پولیس کی متشدد کارروائیوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریاستی گورنر نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید نیشنل گارڈز طلب کر لیے ہیں، وسکونسن ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔