امریکی ریاست کیلی فورنیا میں لگی آگ بے قابو، سان فرانسسکو تک پھیلنے کا خدشہ

Published On 24 August,2020 10:30 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں لگی آگ بے قابو ہو چکی ہے، حکام کے مطابق آگ سان فرانسسکو کے ساحلی علاقے تک پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ریاست کیلی فورنیا میں آگ 10 لاکھ ایکڑ اراضی تک پھیل گئی ہے، تیز ہواؤں سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جنگلات میں 14 ہزار فائر فائٹرز 25 سے زائد مقامات پر لگی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے جن سے آگ سے متاثرہ علاقوں میں کیمیکل پھینکا جا رہا ہے تاہم بڑے پیمانے پر کوششوں کے باوجود آگ کی شدت میں تاحال کمی نہیں آ سکی۔

آتشزدگی سے سات سو سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد انخلا پر مجبور ہوئے ہیں، شدید آگ کے باعث اطراف کے علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور بجلی گرنے کے واقعات آگ لگنے کا سبب بنے ہیں۔