واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) اقوام متحدہ نے بھارت کو کورونا وائرس کی آڑ میں مسلمانوں کو نسلی امتیاز اور منافرت کا نشانہ بنانے پر تنبیہ کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مذہبی عقائد کی بنا پر تشدد کے متاثرین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا بھارت کی حکمران جماعت اور حکومت کا حامی میڈیا مسلمانوں کو وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا مسلمانوں کو وائرس کے خوف کے نام پر طبی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ، انہیں حملوں اور بائیکاٹ کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے دوران مسلمانوں کو نفرت کی علامت بنا دیا گیا، ہندو باشندے مسلمانوں پر کورونا سے متعلق نفرت انگیز جملوں کا نشانہ بناتے اور ان سے اچھوت جیسا سلوک کیا جانے لگا تھا۔