ترکی عرب ممالک میں افراتفری پھیلا رہا ہے: یو اے ای کی اقوام متحدہ کو شکایت

Published On 29 August,2020 06:54 pm

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے خطے میں ترکی کی مداخلت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ عرب ممالک میں افراتفری پھیلا رہا ہے۔

اپنے پیغام میں متحدہ عرب امارات نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی اپنے جنوبی اہداف ومقاصد کے حصول کے لیے تارکین وطن کو استعمال کرنے کی دھمکی دیتا ہے۔ انقرہ ایک جارحانہ خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

امارات نے سلامتی کونسل کو بھیجے مکتوب میں لکھا ہے کہ ترکی افغانستان اور وسطی ایشیا میں داعش کے جنگجوؤں کی آمد اور راہداری راستہ بن چکا ہے۔ اس کے بعد اب ترکی کا ہدف عرب ممالک ہیں جہاں وہ انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔

بیان میں سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ ترکی شام اور عرب میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے ساتھ ساتھ ان ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔ لیبیا میں ترکی کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے۔

اس تناظر میں متحدہ عرب امارات نے ترکی پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے خطرناک طرز عمل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔