واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں نسلی امتیاز کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت آ گئی۔ پورٹ لینڈ میں ہونے والے احتجاج کے دوران گولیاں چلنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، شہر کینوشا میں ہونے والی ریلی میں سیاہ فام شہریوں کے ساتھ سفید فام افراد نے بھی شرکت کی۔
امریکا میں نسلی امتیاز اور پولیس تشدد کے خلاف جاری مظاہرے پُرتشدد ہو گئے، پورٹ لینڈ میں مظاہرہ کرنے والوں اور صدر ٹرمپ کے حامیوں کے درمیان تصادم کے دوران ایک شخص ہلاک ہو گیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، محکمہ پولیس کے ہیلی کاپٹرز نے علاقے کا گشت بھی کیا۔
ریاست وسکونسن کے شہر کینوشا میں بھی سیاہ فام شہریوں نے مظاہرہ کیا، احتجاج میں سفید فام افراد نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نسلی تعصب اور پولیس تشدد کے خلاف نعرے درج تھے۔ پولیس اہلکار کی گولیوں کا نشانہ بننے والے جیکب بلیک کے والد نے ریلی سے خطاب کیا۔