مزید عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری ہيں، اسرائيلی وزيراعظم کا دعویٰ

Published On 30 August,2020 08:34 pm

یروشلم: (ویب ڈیسک) اسرائيلی وزيراعظم بينجمن نيتن ياہو نے دعویٰ کیا ہے کہ سفارتی تعلقات کیلئے مزید کئی عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری ہيں۔

اسرائيلی وزيراعظم بينجمن نيتن ياہو کی جانب سے اتوار کے روز جاری ایک ايک بيان ميں کہا گیا مسلم ممالک کے ساتھ کئی ايسی ملاقاتيں يا تو ہو رہی ہيں يا ہونے والی ہيں، جن کی تفصيلات عام نہيں کی گئيں۔

خیال رہے کہ 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے تاریخی معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ امارات کی انفرادی شخصیات اور کمپنیوں کو اسرائیلی اداروں کے ساتھ معاہدے کرنے کی اجازت دی گئی۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بھی قائم ہوں گے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ستمبر کے وسط تک متحدہ عرب امارت کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے لیے ہونے والے معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنٹگن میں ہوگی۔