بھارت میں کورونا شدت اختیار کر گیا، ایک ہی دن میں مریضوں کا عالمی ریکارڈ

Published On 30 August,2020 08:51 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا شدت اختیار کر گیا، ایک ہی دن میں 78 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، مرنے والوں کی تعداد 63 ہزار 498 ہوگئی۔

تفصیل کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کو 24 گھنٹوں میں دنیا کے کسی ملک میں کووڈ 19 کے نئے مریضوں کے سب سے بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 78 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جو کہ ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ نئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس سے پہلے امریکہ میں ایک روز میں 77 ہزار 299 مریض کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

نئی دہلی میں حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 948 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کووڈ 19 سے ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر 63 ہزار 498 تک جا پہنچی ہے۔

 

Advertisement