امریکہ میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت پر ٹرمپ، جوبائیڈن آمنے سامنے

Published On 31 August,2020 09:49 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی شہر پورٹ لینڈ میں پرتشدد مظاہروں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن آمنے سامنے آ گئے۔ پورٹ لینڈ کے میئر کا کہنا ہے امریکی صدر نے ہی نفرت اور تقسیم کی بنیاد رکھی۔

پورٹ لینڈ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد صدر ٹرمپ اوران کے حریف جوبائیڈن ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے۔ صدر ٹرمپ نے متعدد ٹویٹس کرتے ہوئے جوبائیڈن پر الزام لگایا کہ وہ رہنمائی کرنے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورٹ لینڈ میں ایک بیوقوف میئر امن بحال نہیں کر سکتا، انہوں نے شہر میں موت اور تباہی ہونے دی۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوارجو بائیڈن نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے لاپرواہ بیانات سے تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے صورت حال کو مزید خراب کیا ہے۔گذشتہ روز پورٹ لینڈ میں امریکی صدر کے حامیوں اور بلیک لائیوز میٹر" نامی مہم کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔