عبداللہ عبداللہ نے افغان مصالحتی کونسل ارکان کی نامزدگی مسترد کردی

Published On 01 September,2020 12:07 pm

کابل: (روزنامہ دنیا) افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے 48 اراکین کی نامزدگی کا صدارتی آرڈر عبداللہ عبداللہ نے مسترد کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ معاہدے کے تحت کونسل کے ارکان کی نامزدگی میرا اختیار ہے، اس حوالے سے صدارتی حکم نامے کی کوئی ضرورت نہیں ،افغان صدر اشرف غنی نے کونسل کے نئے ارکان میں سرکردہ سیاست دانوں اور نمایاں مذہبی شخصیات کو شامل کیا ہے۔

افغان صدر نے ارکان کے ناموں کا اعلان 29 اگست کو کیا تھا، اقدام کا مقصد کابل حکومت کے افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا ہے تاہم عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے مابین تنازعات ان مجوزہ مذاکرات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل افغان طالبان کے قیدی رہا کرنے پر بھی حکومتی دھڑوں میں اختلافات دیکھنے میں آئے تھے جس پر طالبان کی جانب سے شدید ردعمل پر تنازعات حل کر کے قیدی رہا کر دیئے گئے تھے۔