واشنگٹں: (دنیا نیوز) امریکی ریاستوں میں سمندری طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، کیٹیگری 4 کے طوفان سے 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکساس اور لوزیانا میں 6 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو بجلی میسر نہیں ہے جبکہ دو لاکھ افراد بغیر پانی کے گذارا کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے متاثرہ علاقے کا دورہ بھی کیا تاہم حالات تاحال قابو سے باہر ہیں۔
2005 کے بعد ریاست لوزیانا میں آنے والا یہ سب سے طاقت ور طوفان ہے، جب طوفان لوزیانا کے ساحل سے ٹکرایا تو اس کی رفتار 220 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی، ہوا اس قدر تیز تھی کہ درخت اکھڑ گئے جن کی زد میں آ کر 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک شخص سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوا۔
لیک چارلس کے قریب واقع ایک کیمیکل پلانٹ میں آگ لگ گئی، ہوا میں کیمیکل پھیلنے کے خدشے کے سبب علاقہ مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی قومی طوفان مرکز نے وارننگ جاری کی ہے کہ لارا طوفان مزید امریکی ریاستوں میں تباہی مچا سکتا ہے۔ دوسری جانب کیریبن ملک ہیٹی میں بھی اسی طوفان سے 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔