تہران: (روزنامہ دنیا) ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کیسس سے ملاقات میں کہا ہے کہ امریکہ ایرانی حکومت گرانا چاہتا تھا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام رہا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر روحانی نے کہا کہ امریکا برسوں سے اسلامی نظام کو ختم کرنے اور ایران کے داخلی سیاست میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے غلط اندازوں کے ساتھ یہ سوچا تھا کہ وہ ایران پر دبائو ڈال کر اور معاشی جنگ تھوپ کر تین ماہ کے اندر ہی اس نظام کو ختم کردے گا۔ آج امریکاپر یہ بات پوری طرح واضح ہو چکی ہے کہ اس نے غلطی کی ہے، دباؤ اور پابندیوں سے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کی 1979 سے اسلامی نظام کے قیام سے مخاصمت ہے، اس سے پہلے شہنشاہی نظام کے دوران ایران سے امریکہ کے بہترین تعلقات تھے اور ایران، امریکہ کا خطے میں سٹریٹجک اتحادی تھا۔