کورونا میں مبتلا صدر ٹرمپ کا ملٹری ہسپتال میں علاج جاری، 48 گھنٹے اہم قرار

Published On 04 October,2020 09:56 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) کورونا کا شکار صدر ٹرمپ کا ملٹری ہسپتال علاج جاری ہے ۔ وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں ۔ صدر کی حالت ابھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔ ہسپتال کے باہر امریکی صدر کے حمایتی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

 کورونا وائرس کا شکار امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کا علاج جاری ہے، وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ صدر کی صحت کے حوالے سے پرامید ہیں، انہوں نے آئندہ 48 گھنٹوں کو اہم قرار دیا۔ صدر کے چیف آف اسٹاف نے صدر کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ابھی خطرے سے باہر نہیں آئے۔

صدرٹرمپ نے ہسپتال سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، صحت کے حوالے سے اگلے چند دن مشکل ہیں، واپس آ کر انتخابی مہم مکمل کروں گا ۔بہت جلد آپ لوگوں کے درمیان ہوں گا۔

میلانیا ٹرمپ بھی پہلے سے بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ کئی ریپبلکنز ارکان کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔ ملٹری ہسپتال کے باہر صدر ٹرمپ کے حمایتیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، صدر جمعے کے روز سے والٹ ریڈ ملٹری ہاسپتال میں زیر علاج ہیں۔
 

Advertisement