باکو: (دنیا نیوز) آرمینیا اور آذربائیجان ایک بار پھر لڑائی روکنے پر متفق ہو گئے، دونوں ممالک میں نگورنو کاراباخ کے علاقے کے تنازع پر کئی روز سے جنگ جاری ہے۔
آذربائیجان اور آرمینیا انسانی بنیادوں پر جنگ روکنے پر متفق ہو گئے، دونوں ممالک کے مابین جنگ روکنے پر رات گئے سے عمل درآمد شروع ہو گیا۔ آرمینیا کے آذربائیجان پر میزائل حملے کے بعد امدادی کام جاری ہیں، گینجا شہر پر آرمینیا کے میزائل حملے میں 13 افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
آذربائیجان کی جانب سے آرمینیا پر الزام عائد کیا گیا کہ میزائل حملے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ آرمینیا اور آذربائجان میں نگورنو کاراباخ کے علاقے کے تنازع پر کئی روز سے جنگ جاری ہے۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے مابین روس میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا جس پر عمل نہ ہو سکا۔