پیرس: (روزنامہ دنیا) فرانس کے شہر آنژہ میں عربی بولنے والے بہن بھائی نسل پرستوں کے تشدد کا نشانہ بن گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بہن بھائی کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اردن کے شاہ عبداللہ نے پیرس میں سفارت خانے کو ہدایت کی کہ دونوں بہن بھائیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، شاہ عبداللہ سے فون پر گفتگو میں مضروب محمد ابو عید نے انہیں بتایا کہ حملہ آور انہیں کہہ رہے تھے کہ فرانس ان کا وطن نہیں۔
فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف شر انگیز بیانات کے سبب اس وقت دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر برقرار ہے تو دوسری جانب چوری اور سینہ زوری کے مصداق الٹا فرانس میں مسلماںوں کو ہی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترک صدر طیب اردوان نے فرانسیسی صدر کے اسلام دشمن جذبات بھانپتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ فرانس پر اس وقت ذہنی طور پر مفلوج ایک شخص کی حکمرانی ہے جس نے دین اسلام پر بد کلامی اور بے حرمتی کا بازار گرم کر رکھا ہے، انہوں نے ترک عوام سے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ، سعودی عرب، مصر، کویت سمیت متعدد مسلم ممالک میں عوام نے سپر سٹورز سے فرانسیسی مصنوعات ہٹانی شروع کردی ہیں۔