واشنگٹن: (دنیا نیوز) کیپٹل ہل ہنگاموں میں ہلاک پولیس اہلکار کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں، حملے میں زخمی برائن سک ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
امریکی پولیس اہلکار کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں 5 دن بعد امریکی پرچم سرنگوں کیا گیا، ٹرمپ کے حامیوں کےساتھ جھڑپوں میں برائن سک زخمی ہو گئے، انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسے۔ امریکی ادارہ ایف بی آئی اور واشنگٹن پولیس آفیسر کی ہلاکت کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ 7 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا، اس دوران پولیس کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں خاتون سمیت 4 دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے بلوائیوں کے حملے کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو انتخابی فتح سے دور رکھا جائے تو اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی عمارت پر حملے کی امریکی و غیرملکی رہنماوں کی جانب سے مذمت کی گئی تھی۔ دوسری جانب ٹرمپ کی جانب سے مبینہ طور پر حامیوں کو تشدد پر اکسانے کے غیر جمہوری اقدام پر دو سیکرٹریز سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 12 ارکان نے عہدے بھی چھوڑ دیئے تھے۔