واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی تمام ریاستوں میں پرتشدد مظاہروں کے خدشے سے سکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا، واشنگٹن پولیس نے کیپٹل ہل کےقریب سے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا، ملزم سے حلف برداری میں شرکت کا جعلی دعوت نامہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
صدر ٹرمپ کی صدارت کی مدت پوری ہونے میں چند روز رہ گئے، 20 جنوری کو نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری سے پہلے سکیورٹی خدشات گھمبیر ہوگئے۔ واشنگٹن پولیس نے کیپٹل ہل کےقریب مسلح شخص کو گرفتارکرلیا جس سے پستول اور 500 سے زائد راؤنڈز برآمد کرلیے گئے۔
ملزم کے پاس سے حلف برداری میں شرکت کا جعلی نامہ دعوت نامہ بھی ملا ہے۔ مسلح شخص کیپٹل ہل چیک پوسٹ سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم ورجینیا کا رہائشی ہے جو اسلحے کے ساتھ داخلے کی کوشش کررہا تھا۔
واشنگٹن پولیس نے واقعے کے بعد دارالحکومت کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔ امریکا کی تمام 50 ریاستوں اور ڈسٹرک آف کولمبیا میں بھی حملوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ٹیکساس کی مقامی پارلیمنٹ کو مکمل بند کردیا گیا ہے۔ 6 جنوری کو ٹرمپ کے مسلح حامیوں نے کیپٹل ہل میں داخل ہو کر ہنگامہ آرائی کی
جس میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔