نیویارک: (دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گترس نے جوبائیڈن انتظامیہ آنے کے بعد امریکا چین تعلقات بحالی کی امید کا اظہار کردیا۔
انتونیو گترس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے دور میں امریکا چین اختلاف شدت اختیار کر گئے، دونوں ممالک کے مابین کورونا، انسانی حقوق پر اختلاف ہیں، ماحول کا تحفظ ایسا شعبہ ہے جس پر دونوں ممالک کی سوچ ایک ہے، امریکا اورچین کو چاہیے کہ ماحول کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔
سابق صدر ٹرمپ نے اپنے دور میں چین کی برآمدات پر نہ صرف بھاری محصولات عائد کئے بلکہ اس کے امریکہ میں موجود قونصل خانے بھی بند کر دیئے۔ امریکہ کے ان اقدامات کے سبب دونوں ممالک میں خاصی کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ چین کو بھی جوابی اقدامات کے طور پر امریکی قونصل خانے بند کرنا پڑے۔ کورونا کا تنازع عالمی توجہ کا مرکز بنا تو ٹرمپ نے وائرس سے متعلق چین پر الزمات عائد کئے، دوسری جانب چین کی جانب سے امریکہ کو کورونا کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔