یونان میں پولیس تشدد کے خلاف مظاہرے، جھڑپوں میں اہلکار سمیت کئی زخمی

Published On 10 March,2021 10:49 am

ایتھنز: (دنیا نیوز) یونان میں پولیس تشدد کے خلاف ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جھڑپوں میں سکیورٹی اہلکار سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔

یورپی ملک کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد پولیس کی بربریت کے خلاف سڑکوں پر آگئے۔ لوگوں نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین جھڑپوں کے سبب مظاہرہ پرتشدد ہنگامے میں بدل گیا، شہر کی سڑکیں میدانِ جنگ بن گئیں۔

سکیورٹی اہلکاروں نے موٹر سائیکلیں دوڑا کر جانیں بچائیں، نوجوانوں نے پتھر اور بوتلیں پھینکیں اور شہر میں جگہ جگہ آگ لگا دی۔ مظاہرین نے پولیس سٹیشن پر فائر بموں سے حملہ کر دیا جس سے ایک پولیس افسر شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ احتجاج سے قبل فائر بموں کی بڑی تعداد قبضے میں لی گئی جبکہ نوجوان بھی لوہے کی خصوصی طور پر تیاری کردہ سلاخیں لے کر مظاہرے میں شریک ہوئے۔ مظاہرے شہریوں پر پولیس تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر شروع ہوئے، حکام نے شہریوں پر پولیس تشدد کی تحقیقات کے احکامات دے دیئے ہیں۔